ہوناور 8 /جولائی (ایس او نیوز) کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیو کمار نے جمعرات کو ہوناور پہنچ کر کاسرکوڈ، ٹونکا میں تعمیرکئے جارہے تجارتی بندرگاہ کا جائزہ لیتےہوئے تجارتی بندرگاہ کی تعمیر کے خلاف احتجاج کر رہے ماہی گیروں کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس اور افسران سے ڈر کر اپنی زمینوں کو نہ چھوڑیں۔
ساحلی علاقہ کے دورے پر آئے ہوئے ڈی کے شیو کمار نے ہوناور میں مجوزہ تجارتی بندرگاہ کے مقام پر پہنچ کر متاثرہ ماہی گیروں سے ملاقات کی اور ان کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا کہ وہ اور سدا رامیا دونوں مل کر ماہی گیروں کو درپیش اس مسئلے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور انہیں انصاف دلانے کے لئے پوری جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر ضرورت پڑی تو یہاں پہنچ کر احتجاجی دھرنے پر بیٹھنے سے بھی باز نہیں آئیں گے۔ ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ تجارتی بندرگاہ دوسرے کسی بھی مقام پر تعمیر کی جا سکتی ہے لیکن ماہی گیروں کی زندگی تباہ کر کے اور انہیں دربدر کر کے یہ کام انجام دینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈی کے شیو کمار نے حال ہی میں فوت ہونے والے ماہی گیر اودئے دامودر تانڈیل کے گھر پہنچ کر اس کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور اپنی طرف سے انہیں مالی امداد فراہم کی ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ماہی گیر لیڈر ویوین فرنانڈیز نے ڈی کے شیو کمار کو بتایا کہ نجی بندرگاہ تعمیر کرنے کے لئے ماہی گیروں کو یہاں سے نکال بھگانے کا کام ہورہا ہے۔ بندرگاہ کے لئے فورلین سڑک بنانے کے مقصد سے کمپنی نے جو کام شروع کیا ہے اس سے غریب مچھیروں کے گھر اور زمین چھینے جارہے ہیں۔ اور مچھیروں کی حالت یتیموں جیسی ہوگئی ہے۔
ماہی گیروں کی نیشنل تنظیم کے ریاستی سیکریٹری چندرکانت کوچریکر نے کہا کہ دو دن پہلے ایک ماہی گیر فوت ہوگیا ہے اور اس کی وجہ یہاں پر چل رہا بندرگاہ کا تعمیری کام ہے۔
ٹونکا میں شیو کمار کی آمد کے موقع پر ضلع کانگریس صدر بھیمنّا نائک، کانگریس ڈسپلینری کمیٹی کے رکن نویدیت آلوا، پبلسٹی کمیٹی کے صدر ایم این سبرامینا، سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک، شاردا شیٹی، منکال وئیدیا، ستیش سائیل، کانگریس لیڈر راما موگیر وغیرہ موجود تھے۔